جے پور،:26/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے پیر کو کہا کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں ہی دلت مخالف ہیں اور وہ ریزریشن نظام کو ختم کرنے کے فراق میں ہیں۔جے پور کے آمیر اسمبلی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی کوششوں سے ریزرویزن نافذ ہوا لیکن اب یہ دونوں پارٹیاں بی جے پی اور کانگریس اس کے خلاف جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کی انتھک کوششوں سے ملک میں سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کی سہولت ملی،ان برادریوں کے تئیں کمتر ذہنیت والی پارٹیاں اسے ختم کرنے کی راہ پر ہیں۔مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی نے راجستھان میں اپنے ٹکٹوں کی تقسیم سارے سماج کے تناسب میں کیا ہے،ملک میں آزادی کے بعد مرکز اور ریاستوں میں مختلف پارٹیوں کی حکومتیں رہیں لیکن دلت، قبائلی، پسماندہ، مسلم اور مذہبی اقلیتوں اور کسانوں کا خاص فائدہ نہیں ہو سکا۔
مایاوتی نے پہلے ہی سورج گڑھ جھنجنو میں بھی انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔آمیر کی پارٹی کے امیدوارنوین پلانیا ہیں۔موجودہ ممبر اسمبلی پلانیا نے 2013کا الیکشن این پی پی کے ٹکٹ پر لڑا لیکن حال ہی میں وہ بی ایس پی میں آ گئے۔بی جے پی نے اس سیٹ پر ستیش پونیا کو اتارا ہے جو 2013کا الیکشن صرف 329ووٹوں سے ہارے تھے۔کانگریس کے پرشانت شرما سمیت 20امیدوار اس سیٹ پر مقابلہ کر رہے ہیں۔